قصور،11جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے قصور کا دورہ کیا،صوبائی وزیر نے ڈی سی کمیٹی روم میں محرم الحرام کے سلسلے میں کئے جانیوالے انتظامات بارے بریفنگ لی۔
صوبائی وزیر بلال یٰسین کو ضلع بھر کی مجالس و جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، سیکورٹی، لائٹنگ سمیت دیگر انتظامات بارے بتایا گیا۔ صوبائی وزیر کو ضلعی کنٹرول روم اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے طریقہ کار بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر بلال یٰسین نے شہر کے مرکزی جلوس کے روٹ سادات منزل تا امام بار گاہ حسینیہ کوٹ رکن دین تک انتظامات کو چیک کیا۔
صوبائی وزیر بلال یٰسین نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے راستے پر قائم سبیل کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے منتظمین مجالس و امن کمیٹی کے ممبران سے ملاقات بھی کی۔ صوبائی وزیر بلال یسین نے کہاکہ پنجاب حکومت نے امن عامہ کیلئے مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں، کنٹرول رومز میں جلوسوں اور مجالس کی ہمہ وقت ماینٹرنگ جاری ہے،یوم عاشورہ کے موقع پر تمام مجالس اور جلوسوں کو 3لیئر سیکورٹی فراہم کی جائیگی،تمام افراد کی فزیکل، واک تھرو گیٹ اور بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر چیکنگ کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر فول پروف سیکورٹی،صفائی ستھرائی،لائٹنگ سمیت دیگر انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے،پنجاب حکومت محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
صوبائی وزیر بلال یٰسین نے کہاکہ انشاء اللہ محرم الحرام میں اتفاق اور اتحاد سے امن کی فضا برقرار رکھی جائیگی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری، صفیہ سعید، ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی، ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں، ممبر پنجاب بار کونسل ملک ریاض احمد خاں، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز بھی ہمراہ تھے۔