مظفرگڑھ، 14 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے مائینز اینڈ منرلز شیر علی گورچانی نے مظفرگڑھ کا دورہ کیا اور عاشورہ محرم الحرام کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی،ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی ، ممبر صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ اور ڈی پی او سید حسنین حیدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر شیر علی گورچانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا،ضلع مظفرگڑھ ایک حساس ضلع تھا ، علما کرام اور انتظامیہ کی کاوشوں سے اب یہ پر امن ضلع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تمام مسالک کے جید علما کے درمیان ہم آہنگی دیکھی گئی ہے جو خوش آئند ہے اور دوسرے اضلاع کے لئے مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ عاشور ہ محرم الحرام کے دوران کئے جائے والے انتظامات سےمطمئن ہوں۔
اس موقع پر ممبرصوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ ضلع میں رواداری کا کلچر فروغ پارہا ہے ، ضلع میں پائیدار قیام امن کےلئے انتظامیہ ، پولیس اور علما ایک پیج پر ہیں۔ ضلع بھر میں تمام مسالک کے علما کرام میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر میان عثمان علی نے کہا کہ ضلع میں مستقل اور پائیدار امن کے قیام کا سہرا یہاں کے علما کرام کے سر ہے ۔ تمام جلوسوں کے روٹس پر صفائی ، نکاسی آب اور لائٹس کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے،تحصیل سطح پر فوکل پرسن اور کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ ڈی پی او سید حسنین حیدر نے کہا کہ تمام جلسوں اور جلوس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
اجلاس میں مولانا عبدالمعبود آزاد، قاری عبدالغنی ثاقب، اختر حسین بخاری، غضنفر عباس نقوی، سید امیر حسن ، مرید عباس لغاری نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ضلع ہمارا ہے اس میں مستقل امن کا قیام بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ نے عاشورہ محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 10 محرم تک 387 جلوس نکالے جائیں گے اور 844 مجالس منعقد ہونگی۔