سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں بہترین کام کیا ہے،چاہتا ہوں یہ سہولیات پختونخوا کے عوام کو بھی میسر ہوں؛گورنر فیصل کریم کنڈی

7

کراچی،14 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں بہترین کام کیا ہے،چاہتا ہوں یہ سہولیات خیبر پختونخوا کے عوام کو بھی میسر ہوں،تمام صوبوں میں صحت مند مسابقت ہونی چاہیے  اور ایک دوسرے کے اچھے کاموں کو اپنانا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے دورے کے بعد ادارے کے صدر ڈاکٹر عبدالباری کے ہمراہ“اے پی پی ”سے گفتگو کرتے ہوئے  کیا۔قبل ازیں گورنر فیصل کریم کنڈی کی آمد پر ڈاکٹرعبدالباری نے ان کا استقبال کیا ،انہیں ہسپتال کا دورہ کرایا اور ہسپتال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ میں تفصیلی بریفنگ اور ہسپتال کا دورہ کرانے پر ڈاکٹر عبدالباری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا ہسپتال ہے جہاں مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے جبکہ ہسپتال کو مزید وسعت بھی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہر سال ہسپتال کو گرانٹ دیتی ہے اور اس سال صوبائی  حکومت نے پانچ ارب روپے کی گرانٹ دی ہے جس پر میں صوبائی  حکومت کے اس عمل کو سراہتا ہوں۔

گورنرنے مزید کہا کہ ڈاکٹرعبدالباری اب صحت کے شعبے میں عوام کی خدمت کرنے پختوخوا آرہے ہیں ، ہمیں ایسے لوگوں کی عزت اور احترام کرنی چاہیے ، ڈاکٹر عبدالباری کا تعلق بھی خیبر پختونخوا سے ہے، بحیثیت گورنرہم ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہیں اور ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، ہم  اس حوالے سے اپنا پورا تعاون کریں گے۔گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ انڈس ہسپتال ملک کے مختلف حصوں میں بوٹ کلینکس  بھی چلارہی ہے اور یہ بہت زبردست کام ہے میں نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان کے کچے کے علاقے کیلئے  بوٹ کلینکس کی درخواست کی ہے۔

گورنر پختونخوا نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالباری بغیر لالچ وغرض کے مریضوں کی خدمت کررہے ہیں،ایسے لوگوں کو حکومتوں کی جانب سے  عزت اور سہولیات دی جانی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی  حکومتیں اپنے  ویژن کے مطابق کام کررہی ہیں لیکن ہمیں ایک دوسرے کے صوبوں کا مطالعہ کرنا چاہیے،  صوبوں کے درمیان صحت مند مسابقت ہونی چاہیے،  جو صوبہ جس شعبے میں اچھاکام کررہا ہے دوسرے صوبوں کو بھی وہ اپنانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ  سندھ حکومت نے صحت کے شعبہ میں بہت اچھا کام کیا ہے ،این آئی  سی وی ڈی، ایس آئی  یوٹی، گمبٹ اور دیگر سہولیات اس کی بہترین مثالیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اداروں میں بلاتفریق پورے پاکستان کے مریضوں کا مفت علاج ہوتاہے اور چاہتا ہوں کہ پختونخوا کے عوام کو بھی یہ سہولیات دستیاب ہوں۔انہوں نے کہا کہ ان ہسپتالوں میں پچاس فیصد مریض دیگر صوبوں سے آتے ہیں اگر وہاں اس قسم کی سہولیات دستیاب ہوتی تو وہ یہاں کیوں آتے ۔

ڈاکٹرعبدالباری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ یہاں آمد پر گورنرفیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے کہاکہ صحت کے شعبے میں ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پشاور اور مردان میں ہسپتال کے قیام کیلئے  زمینیں حاصل کرلی ہیں، مردان کے ہسپتال پر اس سال کام شروع ہوجائے گا۔