پاکستان کا افغان حکومت پر بنوں کینٹ حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کرنے پر زور

13

اسلام آباد،19 جولائی (اے پی پی ):پاکستان نے عبوری افغان حکومت پر زور دیا ہے  کہ وہ بنوں چھاؤنی میں 15 جولائی کو ہونے والے حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری، مضبوط اور موثر کارروائی کرے اور مستقبل میں ایسے حملوں کی روک تھام کرے کیونکہ اس طرح کے حملوں سے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی استحکام کو نقصان پہنچے گا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم نے افغان حکام کو 15 جولائی 2024 کو بنوں چھاؤنی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور پاکستان میں مہلک حملے کرنے کے لیے حافظ گل بہادر گروپ اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال پر اپنی شدید تشویش سے آگاہ کیا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے   کہا کہ  پاکستان کی جانب سے بار بار کارروائی کے مطالبات کے باوجود، افغانستان میں ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروپوں کی موجودگی علاقائی امن اور سلامتی کے لیے بدستور سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم افغانستان پر زور دیتے ہیں کہ ان گروہوں کے خلاف موثر کارروائی کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ناہو۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے اور اپنے عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔