لاہور،22جولائی (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے چکن کے نرخ بڑھنے پر خصوصی اجلاس طلب کرلیا۔وزیر اعلیٰ کا چکن کی مصنوعی مہنگائی پر اظہار تشویش صوبے بھر میں چکن اور پولٹری مصنوعات کے نرخ میں مسلسل اضافے پر شدیدبرہمی کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ نے چکن کی پرائس کا تعین کرنے کے لئے ریگولیٹری میکنزم تشکیل دینے کا حکم دیا اور کہا کہ چکن سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اشیاء خوردنی میں شامل ہے،ریٹ بڑھ گئے ذمہ دار ادارے کہاں ہیں۔چکن صوبہ بھر میں عوام کے زیادہ استعمال کی چیز ہے ، ریٹ بڑھنا گوارا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پولٹری والے بزنس کریں جائز منافع کمائیں لیکن عوام پر ناجائز بوجھ نہ ڈالیں۔اپنے عوام کا احساس ہے،مافیاز کو مہنگائی کی اجاز ت نہیں دے سکتے ،کسی کا نقصان نہیں چاہتے مگر کیا عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ مہنگائی کسی صورت قابل قبول نہیں،تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں مانیٹرنگ کریں۔ چکن کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر نہیں ہونی چاہیے,نرخ پر نظر رکھی جائے۔
سینئر وزیر مریم اورنگ زیب ، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری،صوبائی وزرا بلال یاسین ، عاشق حسین،ایم پی اے سلمی بٹ، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹریز ، ڈی جی انڈسٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔