لاہور،22جولائی ( اے پی پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھی۔
ملاقات میں سیاسی صورتحال ،صوبائی اسمبلی کے امور اور ترقیاتی پراجیکٹس پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے، مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرکے ہمیشہ کے لئے دفن کرنا چاہتے ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نےمصنوعی مہنگائی کے تدارک کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پہلا سرکاری کینسر ہسپتال، نوازشریف آئی ٹی سٹی، ای بائیکس ، سولر پینل اور ایئر ایمبولینس جیسے پراجیکٹس اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے ملک کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس کی کامیاب ٹیسٹ فلائٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد پیش کی۔