کراچی، 23 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی دعوت پر دائودی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین نے گورنرہائوس کا دورہ کیا اور گورنرسندھ سے ون آن ون ملاقات کی۔ملاقات میں دورہ پاکستان ، محرم الحرام کے دوران مجالس میں مذہبی ہم آہنگی ، رواداری اور افہام تفہیم پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں سیدنا مفضل سیف الدین نے گورنرانیشی ایٹیو کے تحت گورنرہائوس میں جاری آئی ٹی کورسز کے طلباءکے لئے 100لیپ ٹاپ دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ سیدنا مفصل سیف الدین نے گورنرسندھ کے فلاحی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے فلاحی اقدامات قابل ستائش ہیں، خلق کی خدمت عین عبادت ہے، اسی جذبہ سے خلق کی خدمت کرتے رہیں یہی اللہ تعالیٰ کا خاص پیغام بھی ہے۔
گورنرسندھ نے سیدنا مفصل سیف الدین کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں شال اور تسبیح کے تحفے بھی پیش کئے۔ بعد ازاں روحانی پیشوا نے 10رکنی وفد کے ہمراہ گورنرسندھ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی معیشت میں دائودی بوہرہ جماعت کے کردار، مذہبی ہم آہنگی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرسندھ نے کہا کہ میرے خط پر آپ کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں، محرم الحرام میں آپ کے درس سے ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کو فروغ حاصل ہوگا۔ سید نا مفصل سیف الدین نے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی محسوس کرتا ہوں، پاکستان سے خصوصی محبت اور پیار لے کر جائوں گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آج بڑے اعزاز کی بات ہے کہ سیدنا مفضل سیف الدین گورنر ہائوس آئے ہیں ان کی وجہ سے پوری دنیا سے 50 ہزار سے زائد دائودی بوہرہ کمیونٹی کے افراد بھی پاکستان آئے ہیں جس سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ ہو رہاہے ۔اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما انیس قائم خانی بھی موجود تھے۔گ
ورنرسندھ نے مزید کہا کہ سیدنا مفضل سیف الدین نے گورنراینیشیٹیو کے تحت گورنرہائوس میں جاری آئی ٹی کلاسز کو سراہا ہے اوران آئی ٹی کے بچوں کے لئے 100 لیپ ٹاپ کا تحفہ بھی دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیدنامفضل سیف الدین نے پاکستان کے حالات کی بہتری کے لئے دعا کی ہے اور کہا کہ انشاءاللہ پاکستان اپنے پائوں پر جلد کھڑا ہوگا،سیدنا مفضل سیف الدین نے پاکستان میں سود سے پاک ٹرسٹ قائم کیا ہے ،جس میں دنیا بھر سے کمیونٹی کے افراد فنڈز جمع کرائیں گے۔