کوئٹہ،24 جولائی (اے پی پی):محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب میں عالمی یوم آبادی کے موقع پر سیمینار کا انعقاد ہوا۔ سیمینار میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بہبود آبادی ہادیہ نواز ، صوبائی سیکرٹری بہبود آبادی بلوچستان عبداللہ خان ، روشن بروچہ ، ڈی جی پاپولیشن غلام مصطفی ، سربراہ یو این ایف پی اے بلوچستان ڈاکٹر سرمد سعید خان ، سینئر ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر محمد ایوب کاکڑ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاپولیشن حبیبہ محمد جمعہ ، ڈاکٹر طاہرہ ممتاز انچارج آر ایچ سی فاطمہ جناح ہسپتال سمیت این جی اوز ، سول سوسائٹی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد و حضرات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
سیکرٹری برائے بہبود آبادی عبداللہ خان نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ملک کی سماجی روایات و اقدار اور مذہبی رہنمائی کےساتھ آبادی کنٹرول کرنے کے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گےجس کے لیے جدیدمیڈیکل سائنس اور میڈیا کی مدد لینا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی رہائش ، تعلیم ، صحت ، ٹرانسپورٹ ، پانی اور بجلی سے متعلق معاشی اور سماجی مسائل پیدا کرتی ہے، آبادی میں اضافے کی بہت زیادہ شرح فی کس آمدنی کو کم کرتی ہے، جس کی وجہ سے کم بچت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا اہتمام لوگوں کو بڑھتی ہوئی آبادی کے خطرات سے آگاہ کرنے اور اس معاملے سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
صوبائی سربراہ یو این ایف پی اے ڈاکٹر سرمد سعید خان نے کہا کہ آبادی کو کنٹرول کرنے سے ملکی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور بہتر استعمال سے معیارِ زندگی بلند ہونے کی امیدیں پیدا ہوں گی اور پاکستان کے ہر طبقے کو بنیادی سہولتوں جیسے پینے کا صاف پانی، تعلیم، ادویات، صحت، مناسب خوراک، رہائش، ذرائع آمدورفت اور نکاسی آب وغیرہ کی دستیابی ممکن ہوگی۔