کسٹمز پشاور نے کروڑوں روپے مالیت کی ضبط شدہ منشیات تلف کر دیں

21

پشاور، 24جولائی(اے پی پی): ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اور کلکٹریٹ آف کسٹم انفورسمنٹ پشاور نے کروڑوں روپے مالیت کی ضبط شدہ  منشیات و ممنوعہ اشیاء تلف کر دیں۔

اس حوالے سے بدھ کو ایف سی کمپلیکس شاکس جمرود ضلع خیبر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز پشاور اور کلکٹریٹ آف کسٹم انفورسمنٹ پشاور نے ضبط شدہ اشیاء تلف کر دیں۔

ضبط شدہ اشیاء میں بڑی مقدار میں منشیات ہیروئن، افیون، میتھمفیٹامین، چرس، جعلی سگریٹ، آتش گیر مواد، شراب،ممنوعہ ادویات، بھارتی تیار کردہ اشیاء، سپاری، میعاد ختم ہونے والی مصنوعات اور ملکیت حقوق دانش کے خلاف

اشیاء شامل تھیں۔

تقریب میں قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں کے نمائندوں خیبر پختونخوا کسٹمز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر ، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی، اینٹی نارکوٹکس فورس، ڈپٹی کمشنر آئی آر، محکمہ پلانٹ پروٹیکشن پشاور، پاکستان ٹوبیکو کمپنی، تجارتی اور کاروباری برادری کے ارکان اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز پشاور کی ڈپٹی ڈائریکٹر نورالہدی ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانونی چارہ جوئی کے بعد ضبط شدہ ممنوعہ اشیاء کو نیلامی یا تلفی کے ذریعے ٹھکانے لگانا معیاری طریقہ کار ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے انسداد اسمگلنگ اقدام کے ایک حصے کے طور پر محکمہ نے خیبرپختونخوا بھر میں اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں جس کے نتیجے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کسٹمز کی ممنوعہ مصنوعات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے. پاکستان کسٹمز عوامی مفادات کے تحفظ اور سمگلنگ کے خاتمے کےلیے اپنے عزم کا اظہار کرتا ہے۔