چاند روشن چمکتا ستارہ رہے، سب سے اونچا یہ جھنڈا ہمارا رہے
پرچم کا مطلب علامت یا نشان ہوتا ہے قومی پرچم ہر ملک و قوم کا شناختی نشان اور اس ملک کے نظریے کو بیان کرتا ہے۔ اس قومی پرچم کا نقشہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے بنایا تھا۔ قومی پرچم کسی بھی قوم کی آزادی، عظمت اور استحکام کا مظہر سمجھا جاتا ہے، قومی پرچم ہر لحاظ سے قابل احترام ہے ،کسی بھی حالت میں اس کی بے حرمتی نہیں ہونی چاہیے۔آزاد قومیں اپنے قومی پرچم کی عظمت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتیں۔
ہمارا پرچم، یہ پیارا پرچم
یہ پرچموں میں عظیم پرچم
پاکستان کا قومی پرچم ہماری قومی امنگوں اور خودمختاری وآزادی کا علمبردار ہے۔ اسکے ادب و احترام کے کچھ تقاضے ہیں جن کا پورا کیا جانا ازحد ضروری ہے۔ پاکستانی پرچم کے احترام کا تقاضا ہے کہ کوئی دوسرا پرچم اس سے اونچا نہیں لہرانا چاہیے۔
عطائے رب کریم پرچم
حال میں ہی جرمنی میں پاکستانی سفارت خانہ پر مشتعل مظاہرین کے حملے اور قومی پرچم اتارنے کے واقعہ کے خلاف وفاقی کابینہ کے ارکان کی جانب سے ”حرمت پرچم“ مہم کا آغاز ہوا اور اس سلسلے میں وفاقی وزراءنے پاکستانی پرچم کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیں، جس میں انہوں نے قومی پرچم سے والہانہ محبت کے پیغامات بھی تحریر کئے۔
چاند روشن چمکتا ستارہ رہے، سب سے اونچا یہ جھنڈا ہمارا رہے
”چاند روشن چمکتا ستارہ رہے، سب سے اونچا یہ جھنڈا ہمارا رہے”، پاکستان کے دشمنوں کو واضح پیغام کے ساتھ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر یہ تصویر پوسٹ کی۔
وزیر اطلاعات نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگست پاکستان کی آزادی کا مہینہ ہے، ”حرمت پرچم“ کی اس مہم کو مسلسل جاری رکھیں گے، حرمت پرچم قومی ذمہ داری ہے اور ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اس پر عمل کرے۔