رحیم یار خان،26 جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی موجودہ حکومت کا ویژن ہے۔شہریوں کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کئے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے ڈی پی او عمران احمد ملک کے ہمراہ تحصیل صادق آباد میں کھلی کچہری کے موقع پر کی ۔ انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کے احکامات جاری کئے۔
ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی موجودہ حکومت کا ویژن ہے،دفاتر اور کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے دی جانے والے درخواستوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،عوامی مسائل کے حل میں پیشرفت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کہا کہ لاپرواہی دکھانے والے افسران و سٹاف ممبران کے خلاف کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ضلع میں امن وامان کے قیام کے لئے ضلعی پولیس متحرک ہے۔
ڈی پی او عمران احمد ملک نے کہا کہ پولیس کا کام عوام کی جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔کھلی کچہری میں موصول درخواستیں و شکایات میرٹ کے مطابق نمٹائی جائیں گی۔انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈی پی او نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں بلا جواز تاخیر برتنے والے افسران و اہلکاروں کا محاسبہ کیا جائے گا۔