اسلام آباد،26 جولائی (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مختلف پہلوؤں میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے، اگست میں آرٹیفیشل ا نٹیلی جنس کی حتمی پالیسی کابینہ کو منظوری کے لئے پیش کی جائے گی ۔
آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2023 میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی قومی ٹاسک فورس قائم کی یہ ٹاسک فورس ایک ماہ میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرے،اگست میں آرٹیفیشل ا نٹیلی جنس کی حتمی پالیسی کابینہ کو منظوری کے لئے پیش کی جائے گی ۔ اس ٹاسک فورس کی تجاویز کو دیگر صوبوں کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے،صحت ، تعلیم، فنانس ، زراعت کے شعبوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے انقلابی نتائج حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نجی کمپنیوں کو مدعو کیا جارہا ہے تاکہ ٹاسک فورس کی تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ چین نے وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کی ٹریننگ دینے کا وعدہ کیا ہے ،چین کی وزارت تعلیم ہمارے نوجوانوں کی ٹریننگ میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے وژن 2025 کے تحت 2017 میں آرٹیفیشل اینٹیلجنس کا قومی سینٹر قائم کیا ، جدید ٹیکنالوجیز کے نیشنل سینٹر فار ایکسی لینس بنائے اور ہر سنٹر کو آٹھ دس یونیورسٹیوں کے انجینئرنگ لیب سے منسلک کیا اگر یہ سینٹرز وقت پر نہ قائم ہوئے ہوتے تو ہم بہت پیچھے رہ جاتے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ جلد ہی ایک نیشنل کانفرنس برائے آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں پاکستان بھر کے ماہرین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ ہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے کردار کشی کا نہیں بلکہ قومی ترقی کا استعمال لیں گے،پاکستان دنیا میں آئی ٹی اور انفارمیشن پاور بن کر ابھرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پالیسییوں کا تسلسل برقرار نہ رہنے کی وجہ سے ہمیشہ ترقیاتی پالیسیوں میں رکاوٹ پیش آتی ہے ،پاکستانی قوم کی پہچان اسکی ذہانت اور محنت ہے، سی پیک کے راستوں میں روڑے اٹکانے کے باوجود ملک میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں آئی ۔