چنیوٹ،27 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ شہریوں کے مسائل سننے کے لیے ڈی پی او عبداللہ احمد نے تھانہ سٹی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں پولیس افسران، میڈیا نمائندگان اور علاقہ کے لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او نے لوگوں کے مسائل سنے اور حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد کا کہناتھا کہ کھلی کچہری کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مستحکم کرنا ہے، لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننے کے لیے ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا،سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریاں لگا رہے ہیں۔
ڈی پی او عبداللہ احمد کا کہنا تھا کہ تمام پولیس اسٹیشنز میں بہترین سروس ڈیلیوری کے لیے پولیس ورک کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے،اب عوام کو پولیس دفاتر اور تھانوں میں پولیس سروسز کے حصول کے لیے بہترین ماحول میسر ہے، لوگوں کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، امن و امان کے قیام کے لیے قانون کی بالا دستی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔