لاہور، 29 جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے ورلڈ بینک کے وفد نے پیر کویہاں ملاقات کی ۔ملاقات میں ورلڈ بینک کی نمائندہ کرن فضل بٹ اور ٹورازم فار اکنامک گروتھ پراجیکٹ کی ٹیم سیکرٹری انسانی حقوق علی بہادر، ڈپٹی سیکرٹری مینارٹیز موجود اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے ۔
ملاقات کے دوران مینارٹی مذہبی سیاحت اور گرین سیاحت کے موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور پانچ سالہ اسٹریٹیجک پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقین نے ڈونر لنکجز اورمستقبل میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی اور مذہبی ورثہ دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے، سیاحت کو فروغ دینے اور اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود میں بہتری لانے کے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے گرین ٹور ازم کو بھی فروغ دیں گے،ورلڈ بینک کے ساتھ شراکت داری کے مثبت نتائج مرتب ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ اسٹریٹیجک پلان کے تحت تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے، پاکستان میں اقلیتی مذہبی سیاحت اور گرین ٹور ازم کو فروغ دیا جائیگا ۔