وزیراعلیٰ سندھ سے وفاقی وزیر رانا تنویر کی ملاقات کی،اسٹیل  ملز کی اضافی اراضی پر اسپیشل اکنامک زون قائم کرنے پر تبادلہ خیال

15

کراچی،30 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان ا سٹیل  ملز کی اضافی اراضی پر اسپیشل اکنامک زون قائم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ 700 ایکڑز اراضی اسٹیل ملز کے پلانٹ کیلئے مختص رہے،700 ایکڑز اراضی پر پرانا پلانٹ بحال کیا جائے یا نیا پلانٹ لگایا جائے، کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ 4840 ایکڑز پر اسپیشل اکنامک زون قائم کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون سندھ اور وفاقی حکومتوں کا مشترکہ منصوبہ ہے، دونوں حکومتیں آپس میں بیٹھ کر معاملات طے کریں گے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر نے گفتگو کرتےہوئے  بتایا کہ سپیشل اکنامک زون کو انویسٹر ترقی دینا چاہتا ہے،وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ سندھ اور وفاقی حکومتیں اپنا پیپر ورک مکمل کریں تاکہ انویسٹر کام شروع کرے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ  اسپیشل اکنامک زون کی اراضی بہت اہم ہے،اراضی کا پورا انفراسٹیکچر بنا ہوا ہے اور پانی اور گیس کی سہولت موجود ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 700 ایکڑز پلانٹ والی اراضی سندھ حکومت کے حوالے کرنا چاہتے ہیں،سندھ حکومت اسٹیل ملز بحال کرے یا نیا پلانٹ لگائے۔

وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر نے اپنی اپنی تجاویز چند دنوں میں مکمل کر کے اکنامک زون کی کاغذی کارروائی مکمل کریں گے۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ وزیر صنعت جام اکرام اللہ دھاریجو،چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ،پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری صنعت یاسین شر اور دیگر  جبکہ وفاقی وزیر کے ساتھ وفاقی سیکریٹری سیف انجم اور دیگر موجود تھے۔