فیصل آباد ،31 جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکرز ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے لہٰذاپیپلز پارٹی اپنے جیالے ورکرز کوکبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔
وہ بدھ کے روزدورہ فیصل آبادکے دوران مقامی مارکی میں ورکرز کنونشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل حالات سے دو چار ہے اسلئے ہمیں صنعتکاروں،تاجروں،کسانوں اور محنت کشوں کے مسائل حل کیلئے کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی کا اہم منصوبہ ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچاکر ملک کی حالت بدلی جاسکتی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ عوامی مسائل کی نشاندہی ہمارا فرض ہے اور پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی جن یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز نہیں ہیں وہاں جلد ہی مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتیاں کر دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین یونیورسٹیوں میں ہراسمنٹ کے قوانین کو مزید سخت اورمؤثر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے ورکرز کنونشن میں ڈویژن بھر سے آئے ہوئے کارکنان وعہدیداران سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کرتے ہوئے حل کی یقین دہانی کرائی۔
قبل ازیں گورنر پنجاب نے نائب صدر پیپلز پارٹی سپورٹس ونگ پنجاب چوہدری ارشد جٹ کی رہائش گاہ کا دورہ کیا جبکہ چوہدری عدیل تاج کی رہائش گاہ پر جاکر ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
گورنر پنجاب نے سٹی صدر پی پی پی نعیم دستگیر کی رہائشگاہ 224 رب وزیر خان والی میں پارٹی عہدیداران سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب صنعتکار عمر نذر شاہ کی رہائش گاہ پربھی گئے جہاں انہوں نے صنعتکاروں وتاجروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔