چنیوٹ،02اگست(اے پی پی):حکومت پنجاب کے وژن گرین پاکستان کے تحت چنیوٹ پولیس بھی پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے مشن پرعمل پیرا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے دعوت اسلامی کے وفد کے ہمراہ پولیس لائن میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغازکردیا۔
ایس پی انوسٹی گیشن خالد محمود،ڈی ایس پی صاحبان اور دیگر افسران نے بھی شجرکاری مہم کے دوران پودے لگائے۔شجرکاری مہم میں پودے لگانے کے بعد خصوصی دعا کروائی گئی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ پولیس حکومت پنجاب کے وژن گرین پاکستان کے تحت اپنا بھرپور کردار اداکرے گی۔چنیوٹ پولیس کا ہر کانسٹیبل،افسر ایک ایک پودا لگائے گا۔ضلع بھر کے تمام دفاتر،تھانہ جات چوکیات میں پودے لگائے جائیں گے۔گلوبل وارمنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کو کم کرنے کیلئے چنیوٹ پولیس اپنا موثر کردار اداکرے گی۔انسانی زندگی کی بہتر نشونما کیلئے شجرکاری اہم جزو ہے۔آئندہ نسلوں کے تحفظ اور آلودگی سے پاک ماحول کیلئے درخت لگائیں گے۔