سیالکوٹ،05 اگست (اے پی پی):مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال کے حوالے سے تحصیل کمپلیکس سمبڑیال میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر مونسپل کمیٹی سمبڑیال احسن ممتاز گوندل نے کی۔ ریلی میں تحصیلدار سمبڑیال شوکت علی چوہان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ ،نائب تحصیلدار سمبڑیال قیصر ریاض ودیگر افسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ آخر میں ملک کی سلامتی اور کشمیری مسلمانوں کے آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔