بنگلہ دیشی صحافیوں کا شالامار باغ، بادشاہی مسجداورشاہی قلعہ کا دورہ ، مزارِ اقبال پر حاضری دی

1

لاہور۔19فروری  (اے پی پی):بنگلہ دیشی صحافیوں نے لاہور کے تاریخی و ثقافتی ورثہ کو دیکھنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔بدھ کووفد نے شالامار باغ، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کا دورہ کیا  اور مزارِ اقبالؒ پر حاضری دی ۔اس موقع پر انہیں ان مقامات کی تاریخی و ثقافتی اہمیت سے بریفنگ دی گئی ۔

دورے کا آغاز شالامار باغ سے ہوا، جہاں سیاحتی گائیڈز نے بارہ دری سمیت باغ کی تاریخی اہمیت پر بریفنگ دی۔ وفد کے ارکان نے مغلیہ طرزِ تعمیر اور باغ کے حسن کو سراہا۔ شاہی قلعہ میں والڈ سٹی لاہور اتھارٹی ( ڈبلیو سی ایل اے ) اور پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے ) کے ماہرین نے وفد کو قلعے کے مختلف حصوں بشمول مصوروں کا باغ، شاہی حمام، شیش محل، نولکھا پویلین، بارود خانہ اور ہاتھی دروازے کے بارے میں آگاہ کیا۔

 وفد نے قلعے کے مختلف خوبصورت مقامات پر گروپ تصاویر بھی بنوائیں۔ بنگلہ دیشی صحافیوں نے بادشاہی مسجد کا دورہ کیا، جہاں انہیں مسجد کی تعمیر، تاریخی پس منظر اور اس کی خوبصورتی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صحافیوں نے مسجد کی عظمت اور مغلیہ فنِ تعمیر کو بے حد سراہا۔بعد ازاں صحافیوں نے مزارِ اقبالؒ پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

 وفد نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے ان تاریخی مقامات کی حفاظت اور بحالی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

وفد میں شامل صحافیوں میں اے ایم ایم بہاالدین، مختادیر راشد رومیو، ایم ڈی ایوب بھویان، پریمول پالما، مہدی حسن تالکدار، حق فاروق احمد، فخرالاسلام خان، مرشد حسیب حسن، اے کے ایم سیداد حسین اور ایم ڈی ذاکر حسین شامل تھے۔