ملتان ڈویژن کے تمام اضلاع میں رمضان بازار لگائیں گے، کمشنر نے ہدایات جاری کر دیں

1

ملتان ،21فروری(اے پی پی):ماہ صیام کی آمد، حکومت پنجاب کا عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ،کمشنر عامر کریم خاں نے ڈویژن کے تمام اضلاع میں رمضان بازار لگانے کا ٹاسک دے دیا اور کہا کہ ہر ضلع کے رمضان بازار میں اشیاء خوردونوش سستے نرخوں پر دستیاب ہونگی۔

 کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں میں چینی کے الگ سٹالز، چینی فی کلو 130 روپے دستیاب ہوگی جبکہ گھی،لیموں، کھجور، گوشت اور اشیاء خوردونوش کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔

کمشنر نے رمضان بازاروں میں خصوصی افراد کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایات بھی دی۔ انہوں نے کہا بزرگ، خواتین، خصوصی افراد کی مدد و رہنمائی کیلئے والنٹیئر تعینات کئے جائیں۔

 کمشنر نے شہریوں کیلئے انتظار گاہ، بچوں کیلئے کھیلنے کی جگہ بنانے کی ہدایات بھی دی اور کہا کہ ماہ صیام کے آخری عشرے میں ملبوسات، مہندی چوڑیوں کے سٹالز بھی لگائے جائیں۔

یہ ہدایات کمشنر عامر کریم خاں نے ڈویژن کے رمضان بازاروں بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کریم بخش موجود تھے اور اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران، اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بھی موجود تھے۔