آر پی او ملتان نے نشتر ہسپتال میں خدمت مرکز کا افتتاح کیا

2

ملتان،28  فروری(اے پی پی ): جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی علاج گاہ، نشتر ہسپتال میں  پولیس خدمت سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا، پولیس خدمت سنٹر کا افتتاح  ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملتان کیپٹن سہیل چوہدری اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی  ڈاکٹر مہناز نے کیا۔

 خدمت سنٹر کے افتتاح کے موقع پر آر پی او ملتان کا کہنا تھا کہ اس خدمت سنٹر کے قیام سے ہسپتال آنے والے مریضوں اور شہریوں کو 20 مختلف سہولیات ایک ہی مقام پر اور صرف ایک کلک پر دستیاب ہوں گی خدمت سنٹر چوبیس گھنٹے عوامی خدمت کے لیے کھلا رہے گا جس سے سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کا بھی فوری حل ممکن ہوگا ۔

آر پی او ملتان کا مزید کہنا تھا کہ نشتر ہسپتال میں ایک پولیس چوکی بھی قائم کی جا رہی ہے، جس کا جلد افتتاح کیا جائے گا، جبکہ ملتان کے باقی چار اضلاع کے بڑے ہسپتالوں میں بھی اسی طرز پر پولیس خدمت سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔

وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز نے خدمت سنٹر کے قیام کو ہسپتال عملے اور مریضوں کے لیے ایک بہترین سروس قرار دیا اور  اس اقدام سے ہسپتال کی سیکیورٹی اور دیگر سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔

خدمت سنٹر کی افتتاحی تقریب میں سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) ملتان صادق علی ڈوگر، ایس ایس پی آپریشن عامر کامران خان، صدر پی ایم اے ڈاکٹر مسعود ہراج، دیگر پولیس افسران اور نشتر ہسپتال کی انتظامیہ نے شرکت کی۔