کوئٹہ۔ 28 فروری (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ “چائنیز ایمبیسڈرز سکالرشپ” کے چیک تقسیم کرنے سے متعلق یہ پروقار تقریب بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کر کے انہیں بااختیار بنانے کا اہم سنگ میل ہے۔ چین کے اسکالرشپ کا مقصد ان طلباء کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہوئے اس خلا کو پر کرنا ہے۔ یہ تعاون بلاشبہ ہماری نئی نسل کو جدید تعلیم سے آراستہ کریگا، انہیں مستقبل کے رہنما اور تبدیلی ساز بننے کیلئے بااختیار بنائیگا۔ ہم بلوچستان کے نوجوانوں کو سکالرشپ فراہم کرنے پر حکومت چین اور چینی سفیر کے خصوصی طور پر مشکور ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان خوشگوار تعلقات جاری رہینگے جو مزید تعلیمی تعاون کی راہ ہموار کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں چائنیز ایمبیسی کی جانب سے چائنیز ایمبیسڈرز اسکالرشپ کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر ، یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ،، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی اور چیرمین فرینڈز آف چائنا بایزید خان کاسی سمیت کئی اہم اشخاص موجود تھے۔
گورنر جعفر خان مندوخیل نے چائنیز ایمبیسڈرز سکالرشپ کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج چائنیز ایمبیسی کی جانب سے بلوچستان کی تین مختلف پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں (یونیورسٹی آف بلوچستان، ایس بی کے وویمن یونیورسٹی اور گوادر یونیورسٹی کے مستحق اور محنتی طلباء کو اسکالرشپ فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ شاندار اقدام اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ ہمارے نوجوان بےپناہ صلاحیتوں سے معمور ہیں لیکن محدود مواقع اور وسائل کے فقدان کی وجہ سے اکثر کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی تعلیم اور ترقی کے فروغ میں پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط شراکت داری کو واضح کرتی ہے۔ چینی حکومت کا اسکالرشپ پروگرام بلوچستان کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں بہترین معاونت ہے. بلوچستان کے نوجوانوں صلاحیتوں کے اعتبار سے کس سے کم نہیں ہیں۔ ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے مواقع اور سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ اسکالرشپ کی تعداد کو مزید بڑھائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء و طالبات ان سے مستفید ہو سکیں۔
گورنر بلوچستان نے توقع ظاہر کی کہ بلوچستان کے ہونہار طلباء کیلئے یہی چائنیز ایمبسڈر اسکالرشپ کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہیگا۔ اس موقع پر چین کے سفیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان اور چائنا کی دیرینہ دوستی پر روشنی ڈالی اور بلوچستان کے نوجوانوں جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے گورنر بلوچستان کی گئیں کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔