رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی کاگورنمنٹ ہائی سکول صدیق آباد ملتان میں سکول داخلہ مہم 2025 کا افتتاح

2

ملتان،3 مارچ(اے پی پی): رکن قومی اسمبلی این اے 148 سید علی قاسم گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے ملتان میں جلد آئی ٹی پارک بنائیں گے اس سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ترقی کے بہتر مواقع میسر ہونگے، بامقصد اور معیاری تعلیم کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروے کار لائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول صدیق آباد ملتان میں سکول داخلہ مہم 2025 کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ، سیاسی و سماجی،  ایجوکیشن أفیسر  سکول کونسل کے مبران و معززین علاقہ اور سکول کے ہیڈ ماسٹر ڈاکٹر عمیر نثار نے بھی خطاب کیا۔

سید علی قاسم گیلانی نے مزید کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے پنجاب حکومت فروغ تعلیم کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات اعلیٰ تعلیم یافتہ اور انتہائی متحرک وزیر ہیں وہ دن رات ایجوکیشن سسٹم کی بہتری کے لیے کوشش میں رہتے ہیں     ۔

 انہوں نے کہا ہے کہ والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری  اسکولوں میں داخلہ کروائیں اس وقت ملک بھر میں اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں  ہمیں ان بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے اجتماعی وہ انفرادی کوششوں کی ضرورت ہے کیونکہ تعلیم ترقی کا بنیادی ذریعہ ہے تعلیم کے بغیر ملک سے غربت جہالت بے روزگاری اور انتہا پسندی کا خاتمہ ممکن نہیں۔

سید علی قاسم گیلانی نے مزید کہا کہ ملک علمی و فکری لحاظ سے انحطات کا شکار ہے ہمیں ملک کی ترقی و خوشحالی استحکام کے لیے قوم کے ہر فرد کو زیر تعلیم سے آراستہ کرنا ہے  فروغ تعلیم کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج  پر متفق ہیں ہمیں متحد ہو کر جہالت کے خلاف جدوجہد کرنا ہو گی۔

 اس موقع پر نئے داخل ہونے والے بچوں میں نصابی کتب سکول بیگ اور یونیفارم بھی تقسیم کی گئی  وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن پلانٹ  فار پاکستان کی روشنی میں مہمان خصوصی ایم این اے سید علی قاسم گیلانی، اور سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے اسکول میں پودے بھی لگائے انہوں نے کلاس رومز کا وزٹ بھی کیا اور بچوں سے گفتگو بھی کی انہوں نے سکول کے ہیڈ ماسٹر ڈاکٹر عمیر نثار کی قائدانہ صلاحیتوں اور فروغ تعلیم کے حوالے سے کوششوں کو سراہا۔