وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت دیہات میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے پروگرام پر جائزہ اجلاس

1

لاہور، 13 مارچ(اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت دیہات میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے پروگرام پر  پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے سی ای او اسداللہ نے بریفنگ دی۔

 وزیر بلدیات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پہلے مرحلے میں 16 تحصیلوں کے دیہات کی اپ گریڈیشن ہوگی ہے جبکہ پی آر ایم ایس سی نے 1802 دیہات کی ضروریات کا سروے کر لیا۔

 ذیشان رفیق نے کہا کہ ابتدائی طور پر 200 دیہات میں ماڈل میونسپل خدمات مہیا کی جا چکی ہیں، انھوں نے کہا کہ پسماندہ دیہات میں واٹر سپلائی، سیوریج اور پکی گلیوں کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے جن میں بہاولنگر، خیرپور ٹامیوالی، کہروڑ پکا، شجاع آباد، علی پور، تونسہ شامل ہیں، وزیر بلدیات نے کہا کہ لیاقت پور، روجھان، کلرکہار، نورپور تھل، عیسی خیل تحصیل کے دیہات میں بھی کام ہو رہا ہے۔

  انہوں نے کہا کہ تحصیل کوٹ مومن، دریا خان، بھوآنہ، احمدپور سیال اور پاکپتن بھی پہلے مرحلے شامل ہیں۔ وزیر بلدیات نے دیہات میں بند ڈرین بنانے کی تجویز سے عدم اتفاق کیا اور کہا کہ گوبر سے بند ڈرین مسائل پیدا کرسکتی ہے۔ وزیر بلدیات نے پی آر ایم ایس سی کو ہدایت دی کہ پمپ سٹیشنز اور ٹیوب ویلز کو سولرائزڈ کیا جائے اور ترقیاتی سکیموں کے آغاز سے پہلے ٹاؤن میپنگ لازمی کی جائے۔

 ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز ڈنگ ٹپائو منصوبوں کے کلچر کے خلاف ہیں، وزیراعلی کے ویژن پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا،  ذیشان رفیق نے کہا کہ ایسے منصوبے مکمل کریں گے جو قومی اثاثہ ثابت ہوں۔ صوبائی وزیر نے پی آر ایم ایس سی کو فوری طور پر ای ٹینڈرنگ پر منتقل کرنے کا حکم دیا اور متعلقہ حکام کے ساتھ جلد رابطہ کرنے کی ہدایت بھی دی ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے بعد اس منصوبے سے سالڈ ویسٹ کا کمپوننٹ ختم کیا جائے اور پی آر ایم ایس سی اپنے زیر انتظام دیہات میں صرف صفائی کی مانیٹرنگ کرے۔