پاکستان اور عمان کا تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ بزنس کونسل کو فعال کرنے پر اتفاق

13

مسقط، 14 مارچ (اے پی پی):پاکستان اور عمان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور جوائنٹ بزنس کونسل کو فعال کرنے پر اتفاق ہو گیا۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال خان، نے مسقط میں عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OCCI) کے چیئرمین، فیصل عبداللہ الرواس، سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد چیئرمین OCCI نے وفاقی وزیر کے اعزاز میں افطار عشائیہ دیا، جس میں پاکستانی سفارت خانے اور عمان چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے B2B نیٹ ورکنگ سیشن بھی منعقد ہوا۔ اس سیشن میں پاکستانی اور عمانی تاجروں کو باہمی تجارتی مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان تجارتی اعداد و شمار دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی حقیقی عکاسی نہیں کرتے۔ اگر لاجسٹک اور مواصلاتی رکاوٹیں دور کر دی جائیں تو تجارتی حجم کو دو سے تین گنا بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عمان چیمبر آف کامرس اور پاکستان کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین فیصل الرواس نے بھی وزیر تجارت کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے یقین دلایا کہ جوائنٹ بزنس کونسل جیسے پلیٹ فارمز کو فعال کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم کیے جا سکیں۔ انہوں نے پاکستانی برانڈز کو عمانی مارکیٹ میں قدم جمانے کی دعوت دی اور عمان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔

یہ دورہ پاکستان اور عمان کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے،جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔