اسلام آباد،26 مارچ (اے پی پی):معروف اسلامی اسکالر مفتی علی اصغر عطاری نے رمضان المبارک میں صدقہ فطر کی اہمیت اور فرضیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ایسا فریضہ ہے جو نہ صرف عبادت کا حصہ ہے بلکہ معاشرتی فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ صدقہ فطر ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر واجب ہے اور اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ معاشرے کے مستحق اور نادار افراد بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ایک پاکیزہ عمل ہے جو روزے کی ممکنہ کوتاہیوں کا ازالہ کرتا ہے اور اللہ کی رضا کا ذریعہ بنتا ہے۔
مفتی علی اصغر عطاری نے مزید کہا کہ صدقہ فطر کی ادائیگی میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے بلکہ عید سے پہلے مستحقین تک یہ رقم یا اجناس پہنچا دینی چاہیے تاکہ وہ بھی عید کے دن خوشیاں منا سکیں۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ اس عبادت کو محض ایک رسم نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنے دینی و سماجی فریضے کے طور پر ادا کریں تاکہ معاشرے میں مساوات اور اخوت کو فروغ دیا جا سکے۔