وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوارکی زیر صدات بجٹ تجاویز کے حوالے سے اہم اجلاس

0

اسلام آباد08اپریل (اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار،  ہارون اختر خان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے لیے صنعتی شعبے سے متعلق بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے سیکریٹری سیف انجم، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈاور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔شرکاء نے متعدد اہم امور پر غور کیا جن میں مقامی مصنوعات کے فروغ، خام مال کی درآمد و برآمد، اور کسٹمز ڈیوٹیز، ریگولیٹری ڈیوٹیز    او   ر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹیز کی ساخت شامل تھی۔وزارت کی جانب سے ایل ای ڈی لائٹنگ مصنوعات پر 20فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

 ہارون اختر خان نے بجٹ تجاویز میں ترامیم کی ہدایت دیتے ہوئے صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے ٹیکس اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے کارپوریٹ ٹیکس کے ڈھانچے کو علاقائی معیار کے برابر لانے کے لیے “سپر ٹیکس” نافذ کرنے کی تجویز پیش کی۔

وزیراعظم کے وژن کے مطابق، معاونِ خصوصی نے صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروبار دوست ماحول کی فراہمی پر زور دیا۔انہوں نے مقامی صنعتوں کی معاونت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

علاوہ ازیں ،ہارون اختر خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ صنعتی ترقی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کر کے ان کا خاتمہ کیا جائے تاکہ ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔