کوئٹہ،11 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر)سعد بن اسد نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ شہر میں عوامی آمدورفت میں رکاوٹ بننے کی کسی کواجازت نہیں دے گی ،ایک سیاسی جماعت کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچنے کے خدشے کے پیش نظر کوئٹہ شہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی ،تاجر اور عوام قومی شاہراہ کی بندش سے مشکلات کاسامنا کررہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بلوچستان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بلوچستان کے صدر محمد ایوب مریانی، آغا گل خلجی، زین العابدین خلجی و دیگر بھی موجود تھے۔ لیفٹیننٹ (ر)سعد بن اسد نے کہا کہ مستونگ کے مقام پر ایک سیاسی جماعت کے دھرنے کی وجہ سے قومی شاہراہ بند ہے جس کی وجہ سے تجارت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ سیاسی جماعت سے گزارش ہے کہ عوام و تاجروں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے روڈ کھول دیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے انہیں کوئٹہ شہر میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ خواتین کی گرفتاری سے متعلق3ایم پی او کا کیس ہائی کورٹ میں چل رہا ہے جس پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا ،بات چیت کا سلسلہ جاری ہے حتمی فیصلہ لینے کے بعد کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔ چیمبرآف کامرس کوئٹہ بلوچستان کے صدر محمد ایوب مریانی نے کہاکہ قومی شاہراہوں کی بندش سے تاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، غیر یقینی صورتحال میں سرمایہ کاری کیلئے لوگ شش و پنج سے دو چار ہیں۔ شاہراہوں کی بندش سے ادویات، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ سیاسی مسائل کے حل کیلئے آگے آئیں کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ثالث کے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔