ایس سی سی ایل او کا 26 واں اجلاس، صوبہ بھر کے امن و امان کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ

2

لاہور،11 اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں ایس سی سی ایل او کا 26 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے امن و امان کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 10 کے سکیورٹی انتظامات کا حتمی جائزہ اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی واپسی آپریشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل اور آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میچز کیلئے بہترین اور غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔  خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میچز و دیگر مواقع پر کرائے کی بجائے مستقل بنیادوں پر کیمرے اور دیگر آلات نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں سے مکمل کوارڈی نیشن میں ہے۔ سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کو تمام وسائل فراہم کر دئیے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزادہ سلطان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، پی سی بی اور متعلقہ اداروں سے حکام نے شرکت کی۔ پنجاب بھر سے کمشنرز اور آر پی اوز نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔