اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی):ویسٹ افریقہ کے ملک سیرا لیون میں فارما انڈسٹری سے وابستہ معروف بزنس مین محمد شاہد نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کا پہلا سالانہ کنونشن وقت کی اہم ضرورت تھی، جس کے انعقاد سے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو ایک نیا پلیٹ فارم ملا ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف بھاری زرمبادلہ وطن بھیج رہے ہیں بلکہ وہ پاکستان کے مستقبل کے لیے سنجیدگی سے سوچتے بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کنونشن کے ذریعے ان کے کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔
محمد شاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان کا انجینئرنگ سیکٹر ترقی کے بے شمار مواقع رکھتا ہے، اور اگر اس شعبے پر توجہ دی جائے تو یہ پاکستان کی صنعتی اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔