اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی): اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے رکن منیر آصف پٹھان نے اوورسیز پاکستانیوں کے پہلے سالانہ کنونشن کے انعقاد پر حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو نہ صرف حوصلہ ملا ہے بلکہ پاکستان کی ترقی میں ان کے کردار کو بھی تسلیم کیا گیا ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹلی سے پاکستانی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں، اور ایسے پلیٹ فارمز ان مواقع کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
منیر آصف پٹھان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بزنس مین عملی طور پر کام کر رہے ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی کمیونٹی کی محنت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی اسی جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا تاکہ ہم عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں اور ہم سب مل کر بہتری کی جانب مزید اقدامات کر رہے ہیں۔