ملتان ،14 اپریل (اے پی پی):پنجاب کلچرل ڈے ،سپیشل سیکرٹری ہیلتھ نے دفتری امور روایتی پگڑی پہن کر انجام دئیے، اس موقع پرتقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔
پنجاب کلچرل ڈے کی مناسبت سے سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین کی خصوصی ہدایات پر ان کے دفتر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ڈپٹی سیکریٹریز شیخ محمد طاہر، سجاد حسنین، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید علی مہدی اور دیگر افسران و ملازمین شریک ہوئے۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین سمیت تمام افسران و ملازمین نے روایتی پگڑیاں پہن کر دفتری امور سر انجام دئیے۔
اس موقع پر سپیشل سیکریٹری ہیلتھ محمد شہباز حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانچ دریاؤں کی سرزمین پنجاب ثقافتی لحاظ سے بہت زیادہ زرخیز ہے۔ پنجاب کی ثقافت اپنے اندر زمانوں کے رنگ سموئے ہوئے ہے۔ محمد شہباز حسین نے کہا کہ ثقافت کویاد رکھنااور پروان چڑھانا زندہ قوموں کا شیوہ ہوتا ہے۔