فیصل آباد ،14 اپریل(اے پی پی ): پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے فیصل آباد آرٹس کونسل میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصرنے پنجاب کلچر ڈے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پنجابی ثقافت، موسیقی اور لوک رقص کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ نوجوان طالب علموں کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ بھی ہوا۔تقریب میں دستکاریوں کی نمائش اور روایتی کھانوں کے سٹالز کا اہتمام بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے کہا کہ ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے فیصل آباد آرٹس کونسل کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلچر ڈے نوجوان نسل کو اپنی ثقافت سے جوڑنے کی کوشش ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ثقافت اور فنون لطیفہ کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔
تقریب میں فنکاروں کی بہترین پرفارمنس پر ان میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔