ملتان،14اپریل (اے پی پی): ملتان ڈویژن کے تین اضلاع سے منسلک 12 ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر وہاڑی روڈ حکومت پنجاب کا اہم ترقیاتی منصوبہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر عامر کریم خان نے تینوں اضلاع میں وہاڑی روڈ کی تعمیراتی سائٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان ڈویژن کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے۔
3 اضلاع سے منسلک وہاڑی روڈ پر بیک وقت کام شروع کیا گیا ہے۔ 19.20کلومیٹر ضلع ملتان، 6 کلومیٹر ضلع خانیوال ، 49.60 کلومیٹر ضلع وہاڑی سے لنک ہے۔ 1 سال میں ملتان وہاڑی روڈ مکمل کرکے فنکشنل کیا جائے۔ آبادی والے مقامات پر سڑک کے دونوں اطراف نکاسی آب کا مخصوص نظام بنایا جائے۔ ڈرینیج سسٹم سے سڑک پر پانی کھڑا نہیں ہوگا جس سے سڑک خراب نہیں ہو گی۔سڑک کی جلد تکمیل کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں۔کمشنر عامر کریم خان نے منصوبے کی تکمیل میں تعمیر پر کوالٹی پر خصوصی فوکس کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 13 ارب روپے کے وہاڑی روڈ کے اضافی کیرج وے کی تعمیر کی سکیم ایکنک میں منظور ہوچکی ہے۔ ایس ای ہائی ویز غلام نبی نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ سروسز منتقلی کیلئے فنڈز متعلقہ محکموں کو جمع کروادئیے گئے ہیں۔ وہاڑی میں 12 کلو میٹر ارتھ ورک، 6 کلومیٹر سب بیس 3 کلومیٹر بیس مکمل کی جاچکی ہے۔ خانیوال میں 3 کلو میٹرارتھ ورک ڈیڑھ کلومیٹر سب بیس مکمل کیا جاچکا ہے۔ ملتان میں 4 کلومیٹر سب بیس مکمل کی جاچکی ہے۔ جون تک تینوں مقامات سے 2 -6 کلومیٹر تک سڑک مکمل کرلی جائے گی۔ ٹیکنکل سٹاف موبلائز، اسالٹ پلانٹ لگایا جاچکا ہے۔ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ ایکسئین ہائی ویز حیدر علی اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔