ریونیو مسائل فوری حل کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے، کمشنر ملتان عامر کریم خان

3

ملتان،15 اپریل(اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ضلعی انتظامیہ لودھراں کو پنجاب بھر ریونیو انڈیکیٹرز رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ وہاڑی ساتویں، ملتان دسویں، خانیوال چودہویں نمبر پر سے بھی ٹاپ پوزیشن حاصل کریں۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر عامر کریم خاں نے ڈویژنل ریوینیو اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ریونیو مسائل فوری حل کرکے شہریوں کو ریلیف دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بیع نامہ کیلئے کھلی کچہری لگائیں، موقع کا دورہ کرکے پیشی کیلئے فکس کریں۔ بیع نامہ سے متعلق دفاتر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا نمبر آویزاں کیا جائے۔شہری رجسٹری کیلئے اپنے علاقے کے تحصیلدار و نائب تحصیلدار دفاتر سے رجوع کریں۔  پٹوار سرکلز میں شکایت نمبر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے نمبرز واضح آویزاں کیے جائیں۔

انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے وراثتی مسائل کیلئے خصوصی کاؤنٹرز اور مدت کا تعین کیا جائے۔ ریونیو عمل میں تاخیر پر فیلڈ اسٹاف کو تحریری رپورٹ دینا ہوگی۔ سب رجسٹرار دفاتر میں حاضری یقینی بنائیں، ٹاؤٹ مافیا کا خاتمہ کریں۔

عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ شکایت کنندگان سے ریونیو افسران بذریعہ کال فیڈبیک لیں،  اجلاس میں سروس ڈیلوری بہتر بنانے کیلئے ٹائم لمٹ دینا ناگزیر قرار دیا گیا جبکہ فردِ ملکیت، انتقال، کھیوٹ بلاک و این او سی مسائل ،نام، گردآوری اور حصے کی درستگی پر بھی بات چیت ہوئ۔ ایڈیشنل کمشنر ارشد گوپانگ اور ڈپٹی کمشنرز ریونیو اجلاس میں شریک تھے۔