لاہور، 16 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 30 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں بلیو، پرپل اور ژیلو لائن منصوبے کیلئے جاری مختلف فزیبلٹی اسٹڈیز اور راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین منصوبہ پر جاری فزیبلٹی اسٹڈی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ عمران سکندر بلوچ اور بورڈ کے دیگر ممبران و سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول/ٹرانسپورٹ ٹاور کیلئے مختلف تجاویز اور آپشنز پر بھی غور کیا گیا ۔
اجلاس کو فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کیلئے جاری فزیبلٹی اسٹڈیز پر بھی بریفنگ دی گئی اور میٹرو اسٹیشنز پر سیکیورٹی سسٹم اور دیگر معاملات کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز پر غور کیا گیا ۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں پر جاری تمام فزیبلٹی اسٹڈیز کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن اور ہدایات کے مطابق جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھایا جائیگا۔
بلال اکبر خان نے کہا کہ ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ سے عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولت فراہم ہوگی۔ 27 الیکٹرک بسوں کے بعد مزید سینکڑوں جدید ترین الیکٹرک بسیں آئندہ چند ماہ میں عوام کی خدمت میں پیش کرنے جا رہے ہیں۔ بلال اکبر خان نے کہا کہ لاہور کو 2030 تک سب سے زیادہ بہترین اور جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم رکھنے والا شہر بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی بہت جلد جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم کا آغاز ہوجائیگا۔ بلال اکبر خان نے کہا کہ حکومت نے پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی الیکٹرک بسوں کو چلانے سمیت ماس ٹرانزٹ کے منصوبے شروع کرنے کا پختہ ارادہ کر رکھا ہے۔