لاہور، 18 اپریل(اے پی پی): وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ (پارب) کے 50 ویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی جاوید احمد، رانا محمد سلیم ، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو و دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں زرعی تحقیق کے23 جبکہ1 لائیو سٹاک اور1 جنگلات سے متعلق منصوبے منظوری کیلئے پیش کئے گئے۔
صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے ممبران کی مشاورت سے زرعی تحقیق کے 20 اور لائیو سٹاک وجنگلات کے 2 منصوبوں کی منظوری دی۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ زراعت کا مستقبل کپاس، گندم اور ہائی ویلیو ایگریکلچر سے منسلک ہے۔ زرعی سائنسدا ن موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل فصلوں کی اقسام دریافت کریں۔
سید عاشق حسین کرمانی نے ہدایت دی کہ زرعی سائنسدانوں کو بیرون ِ ملک ٹریننگ کیلئے بھیجا جائے۔ پارب کے تمام منصوبوں کاتجزیہ کر کے تحقیقی سرگرمیوں کی افادیت اور زرعی ترقی پر ان کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ تمام زرعی سائنسدان اپنے ذیلی شعبوں کے قلیل المدتی اصلاحاتی پلان پیش کریں تاکہ پارب کی خالی آسامیوں کی بھرتی کا عمل تیز کیا جائے۔