لاہور 18 اپریل (اے پی پی): خالصہ جنم دن اور بیساکھی میلے کی تقریبات گردوارہ ڈیرہ صاحب میں بخیروخوبی اختتام پذیر ہوگئیں۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ممبران پاکستان گوردوراہ پربندھک کمیٹی بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں دنیا بھر سے پاکستان آئی ہوئی سکھ سنگت کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کے اختتام پر دنیا بھر میں امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سکھ یاتری 19 اپریل کو واپس اپنے وطن روانہ ہو جائیں گے ۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بابا گرو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا اور محبت، برداشت اور احترام کو اپنانا ہو گا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اقلیتوں کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ جن میں اقلیتی برادری کے لیے مینارٹی کارڈز اور صحت کارڈز کا اجرا، تاریخی اقدام ہیں ۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان بھر کے غیر فعال گوردواروں کو فعال کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سنگتوں کے لیے ویزوں کے اجرا کے عمل کو مزید سہل بنایا جا رہا ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ تمام گوردواروں میں بیساکھی اور خالصہ جنم دن کی تقریبات مذہبی جوش و خروش سے منائی گئیں۔
صوبائی وزیر نے سکیورٹی نافذ کرنیوالے اداروں کا خصوصی شکریہ ادا۔ صوبائی وزیر نے سکھ کمیونٹی کو سروپے بھی پہنائے ۔ سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔ یاتریوں کا کہنا تھا کہ وہ گورونانک کی دھرتی سے محبت اور پیار لے کر واپس جا رہے ہیں اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی و عزت کو کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔ سکھ یاتریوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔