ملتان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے موٹر بائیک ریلی اور آگاہی سیمینار کا انعقاد

0

ملتان،21 اپریل (اے پی پی ): والڈ سٹی اتھارٹی ملتان نے وسیب ایکسپلورر کے تعاون سے “ورلڈ ہیریٹیج ڈے” کی مناسبت سے ایک موٹر بائیک ریلی اور آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس سرگرمی کا مقصد عوام میں ملتان کے تاریخی و ثقافتی ورثے کی اہمیت اور اس کے تحفظ و بحالی کے شعور کو اجاگر کرنا تھا۔

ریلی کی قیادت وسیب ایکسپلورر کے بانی ڈاکٹر سید مزمل حسین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر والڈ سٹی اتھارٹی محمد عمیر غضنفر نے کی۔ ریلی میں ملک بھر سے بائیکرز نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کا آغاز والڈ سٹی اتھارٹی کے دفتر، گھنٹہ گھر سے ہوا اور یہ قلعہ کہنہ قاسم باغ، دربار حضرت شاہ رکن عالم، دربار حضرت بہاؤ الدین زکریا، حاجی کیمپ، نونمبر سے ہوتی ہوئی کلمہ چوک کے سپورٹس گراؤنڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے بعد ہیریٹیج ڈے کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں مقررین نے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور مستقبل میں مزید موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء میں والڈ سٹی اتھارٹی اور وسیب ایکسپلورر کی جانب سے تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔