ملتان 24 اپریل)اے پی پی):
ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر آکاٹسو شوئیچی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر فواد ہاشم ربانی نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(جائیکا) کی جانب سے واسا ملتان کو اربوں روپے مالیت کی مشینری فراہم کرنے پر جاپانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستانہ اور تجارتی تعلقات قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کی تہذیب اور ثقافت سے بھی جاپانی سفیر کو آگاہ کیا۔
جاپانی سفیر نے پاکستان اور جاپان کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واسا کو دی گئی مشینری سے سیوریج کے نظام میں بہتری آئے گی، جو عوام کی صحت پر مثبت اثرات ڈالے گی۔
انہوں نے ملتان میں موجود مزارات کی طرز تعمیر کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جاپانی سفیر کو ملتان شال، بلیو پاٹری اور سوہن حلوے کا تحائف بھی دئے۔