اسلام آباد ،25اپریل (اے پی پی): حلقہ اربابِ ذوق اسلام آباد نے اکادمی ادبیات میں اپنی آٹھ سالہ تقریبات کا انعقاد کیا۔ اس یادگار تقریب کی مجلس صدارت میں نامور علمی و ادبی شخصیات جناب افتخار عارف ، ڈاکٹر اقبال آفاقی، فریدہ حفیظ، ڈاکٹر عبدالوحید رانا، محمد حمید شاہد اور منظر نقوی شامل تھے۔
یہ تقریب موجودہ سیکرٹری ڈاکٹر خلیق الرحمٰن اور جوائنٹ سیکرٹری محمد اکبر نیازی کی آٹھ سالہ ادبی خدمات کے بعد نئے سیکرٹری کی تقرری کے موقع پر منعقد کی گئی۔
تقریب میں مقررین نے حلقہ اربابِ ذوق اسلام آباد کو تہذیبی و ثقافتی اور تربیتی روایات کا امین قرار دیا اور کہا کہ یہ بلاشبہ اردو ادب کی فعال ترین تحریک ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر اقبال آفاقی اور فریدہ حفیظ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے جب کہ ڈاکٹر خلیق الرحمٰن اور اکبر نیازی کو یادگار ادبی و انتظامی خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر محفل موسیقی بھی منعقد کی گئی جس میں نامور گلوکاروں نے پرفارم کیا۔