پاکستان اور جمہوریہ چیک کے تجارتی تعلقات میں پیشرفت، پہلے مشترکہ کمیشن اجلاس میں اہم پروٹوکولز پر دستخط

0

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان پہلے مشترکہ کمیشن کا اجلاس سپیشل سیکرٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جمہوریہ چیک کی وزارت صنعت و تجارت کے ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ ملر کی مشترکہ صدارت میں پیر کو منعقد ہوا۔

 اجلاس میں دونوں ممالک کی جانب سے اہم پروٹوکولز پر دستخط کئے گئے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یاد رہے جولائی 2023 میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون بڑھانے سے متعلق معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت مشترکہ کمیشن کا یہ پہلا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں دونوں جانب سے تجارت و سرمایہ کاری، صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے صنعتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر زود دیا گیا جس کے تحت سرجیکل آلات، کھیلوں کے سامان سمیت دیگر صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چین کی گئی، جمہوریہ چیک نے یورپین گرین ڈیل کے تحت قابل تجدید توانائی اور ریسرچ اینڈ ڈولپمنٹ کے ذریعے توانائی میں مدد فراہم کرنے کے لئے دلچسپی ظاہر کی۔ صحت کے شعبے میں پاکستان کی جانب سے ریگولیٹری تعاون، ڈیٹا شیئرنگ، مشترکہ تحقیق اور ڈیجیٹلائزڈ کینسر رجسٹری میں تعاون کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ تعلیمی میدان میں ایکسچینج پروگرامز کے فروغ پر زور دیا گیا۔