فیصل آباد،28 اپریل (اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سبزی منڈی روڈ پر واقع گرائونڈنگ یونٹ پر چھاپہ مار کر 180کلو تیار ملاوٹی ہلدی اور سرخ مرچ ضبط کرلی ، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج اور یونٹ کی پروڈکشن بند کردی ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ہلدی اور مرچوں میں ممنوعہ رنگ اور بھوسے کی ملاوٹ پائی گئی۔ لیبارٹری تجزیے میں بھی ملاوٹ ثابت ہونے پر مقدمہ درج کروایا گیا۔ انتہائی لازم ریکارڈ، میڈیکل، ٹریننگ عدم موجود، صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔ لیبل بھی پیور فوڈ ریگولشنز کے خلاف پایا گیا، بیچ نمبر اور ایکسپاٸری بھی موجود نا تھی۔ ملاوٹی مصالحہ جات تیار کرنے پر یونٹ بند کروا دیا گیا۔ ملاوٹی مصالحہ جات پیٹ اور انتڑیوں کی موذی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ ملاوٹی مصالحہ جات کو نواحی علاقوں میں سستے داموں فروخت کیا جانا تھا۔
ان کے مطابق زیادہ منافع کی لالچ میں عوام کی صحت سے کھیلنے والے مافیا کیخلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ شہری کھلے مصالحے ہرگز مت خریدیں، غذائیت سے بھرپور خوراک کا چناؤ یقینی بنائیں۔ بنیادی اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ کرنے والے معاشرے کا ناسور ہیں، کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔