وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس

0

اسلام آباد، 30 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحیی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ میں 700 ملین ڈالر کی انویسٹمنٹ کے وعدے کیے گئے یہ 700 ملین ڈالر کی فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی معاشی ٹیم کی گزشتہ ایک سال کی محنت کا ثمر ہے۔  انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی ترقی وزیراعظم کی زیرِ قیادت معاشی استحکام،پولیسی ریٹ کی کمی اور دیگر پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا پاکستان پر اعتماد کر رہی ہے۔وزیراعظم کے ٹیکنالوجی کے وژن کو سامنے رکھتے ہوئے گزشتہ نو ماہ میں 25 فیصد برآمدات کی گروتھ دیکھنے کو ملی۔

شزا فاطمہ کا مزید کہنا تھا کہ فورم میں 30 سے زائد بین الاقوامی وزراء اور وفود تشریف لائے،بین الاقوامی کمپنیوں کے سی ای او، 400 سے زائد مقامی معززین اور آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندگان  اور 70 سے زیادہ سرمایہ کار موجود تھے۔

ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحیی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں بے پناہ ترقی کے مواقع موجود ہیں،دو روزہ فورم میں ٹیکنالوجی کے بہترین ماہرین نے شرکت کی۔

دیما الیحیی نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کی گروتھ مستقبل میں معیشت کی ترقی و استحکام میں انتہائی اہم ہے، ڈیجیٹل تعاون تنظیم کا مقصد ایک دوسرے سے سیکھنا اور سرحد پار ڈیجیٹل مارکیٹ کے قیام اور  ٹیلنٹ کو نکھارنا شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور  پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہے ۔ دیما الیحیی نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل انویسٹمنٹ فورم میں لیڈنگ کردار ادا کر رہا ہے فورم میں شرکت کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونا تھا،ہمیں وزیراعظم کی قیادت میں ٹیکنالوجی کی سربراہی پر پاکستان پر مکمل اعتماد اور یقین ہے۔