ملتان :چلڈرن ہسپتال ملتان ورلڈ ملیریا ڈے میں آگاہی واک کا اہتمام

3

ملتان,30 اپریل (اے پی  پی ): ملتان ورلڈ ملیریا ڈے کے موقع پر آج چلڈرن ہسپتال ملتان میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، اورہسپتال انتظامیہ نے بھرپور شرکت کی اور ملیریا سے بچاؤ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے اس موقع پر کہا کہ ملیریا ایک قابل علاج بیماری ہے، مگر بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی صورت میں یہ مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں، پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور مچھر دانی کا استعمال کریں۔یہ دن دنیا بھر میں ملیریا جیسے موذی مرض سے متعلق آگاہی فراہم کرنے، اس کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج، اور مچھر کی افزائش کی روک تھام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔چلڈرن ہسپتال میں اس دن کی مناسبت سے ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی، ایم ایس ڈاکٹر کامران آصف، پروفیسر ڈاکٹر سہیل ارشد، پروفیسر ڈاکٹر وقاص عمران، پروفیسر عاصم خورشید، ڈاکٹر رانا ذوالفقار، پروفیسر ڈاکٹر ارم افضل، ڈاکٹر وقاص شاکر، ڈاکٹر عارف ذوالقرنین، ڈاکٹر حماد، ڈاکٹر حمید، ڈاکٹر حسیب سرگانہ، ڈاکٹر وقاص اور دیگر ماہرین صحت نے بھرپور شرکت کی۔واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز کے ذریعے عوام کو ملیریا سے بچاؤ کے پیغامات دیے اور معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ واک کا مقصد عام شہریوں میں ملیریا کے خطرات، اس کی علامات، اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔