قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 130ایکڑ رقبے پر فارما سیوٹیکل ویلی بنائی جائے گی،صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین

1

لاہور، 30 اپریل ( اے پی پی ): غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ازبکستان ،قازقستان،تاجکستان اور افغانستان کے سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔سی ای او فورذا روما فارما سیوٹیکل گروپ آف کمپنیز ڈاکٹر محمد وقارخان نے فارما سیوٹیکل سیکٹر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع بارے بتایا اور کہا کہ فارما سیوٹیکل سیکٹر میں سرمایہ کاری اور برآمدات بڑھانے کا بڑا پوٹینشل موجود ہے ، قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 130ایکڑ رقبے پر فارما سیوٹیکل ویلی بنائی جائے گی۔

پنجاب میں پہلے سے موجود فارما سیوٹیکل انڈسٹری بھرپور پیدا وار دے رہی ہے تاہم نئی انڈسٹری بھی لگ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فارما سیوٹیکل اہم سیکٹر ہے اس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں ۔سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کرنے کی سہولت موجود ہے ۔

انہوں کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول اور بہترین وقت ہے پنجاب غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مقام بن گیا ہے غیر ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کے لئے پنجاب کو ترجیح دے رہے ہیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں  پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھائیں ہر ممکن سہولت دیں گے ،سرمایہ کاری اور تجارت کے کوآرڈینیٹر ندیم پہلوان ،کمپنی کے ایم ڈی ،ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور دیگر نے تقریب میں شرکت کی۔