لاہور یکم مئی (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے اپنے حلقے میں مختلف گلیوں کا دورہ اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، لیگی کارکنان نے صوبائی وزیر کا پرجوش استقبال کیا اور حلقے میں جاری ترقیاتی کاموں پر صوبائی وزیر بلال یاسین اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
لیگی کارکنان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ عوامی مسائل کی داد رسی اولین ترجیح ہے ،ہر طبقہ کے لوگوں کی فلاح کیلئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے، بلال یاسین نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں و محنت کشوں کا عالمی دن ہے، جو قوموں کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں، حکومت پنجاب مزدوروں کے استحصال، جبری مشقت اور تشدد کیخلاف بھرپور کردار ادا کر رہی ہے،بلال یاسین نے کہا کہ دیہاڑی دار مزدور کو بھی اپنی چھت فراہم کرنے کیلئے بلاسود 15 لاکھ قرض کی فراہمی جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کم آمدن والے افراد کیلئے صحت و تعلیم سمیت ہر شعبے میں سہولت رکھی ہے، بلال یاسین نے کہا کہ صوبے کے چھوٹے کسانوں کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے کی فراہمی اور 4 ماہ تک گندم سٹوریج کی مفت سہولت دی جارہی ہے، وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ کم از کم اجرت میں اضافہ، دھی رانی پروگرام کے تحت ہزاروں غریب خاندانوں کے بچوں کی شادیاں کروا کر مریم نواز دعائیں سمیٹ رہی ہیں، گھروں کی دہلیز پر مزدروں و محنت کشوں کو مفت دوائیاں، ماہانہ وظائف اور نگہبان پیکج کے تحت دس ہزار فی خاندان رقم بھجوا کر مثالی اقدامات کیے جارہے ہیں، وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں کمی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔