لاہور، 03 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بحریہ ٹاؤن کی دوسری سرجیکل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح شعبہ صحت کی بہتر ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ علاج و معالجہ کیلئے کوشاں ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لاہور میں ایشیاء کا سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بھی بنائے جا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور نرسوں کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پروفیسر فیصل سعود ڈار، پرنسپل پروفیسر ندیم حفیظ بٹ، پروفیسر فاروق سعید خان، پروفیسر فریحہ فاروق، ڈاکٹر صابر ایاز ملک، پروفیسر محمد سلیم، ڈاکٹر عمیر فاروق، پروفیسر عاطقہ، پروفیسر جاوید رضا گردیزی، پروفیسر مجید چوہدری، فیکلٹی ممبران، سرجنز اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











