پی این سی اے میں کلاسیکل شام موسیقی

31

اسلام آباد، 05 مئی (اے پی پی ):کلاسیکل میوزک ہیریٹیج ٹرسٹ کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں کلاسیکل موسیقی کی شام کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوان فنکاروں سے لیکر کلاسیکل موسیقی کے مشہور و معروف موسیقاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور شائقین سے داد وصول کی۔

ملک کے مشہور فلوٹ پلئر (flute player) سلمان عادل کی فیوژن  پرفارمنس سے شروع ہونے والا پروگرام پاکستان میں تین دہائیوں سے شہرت یافتہ کلاسیکل رقاصہ نگہت چوہدری کے رقص پر اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران نوجوان گلوکاروں اور موسیقاروں نے سریلی دھنوں، طبلے کی تھاپ اور سازوں سے ماحول کو پر سرور بنا دیا۔ حضرت امیر خسرو ؒ کا کلام پیش کیا گیا جس میں طالب علموں نے راگ درباری اور راگ ایمن کے ذریعے سروں سے شائقین کو محظوظ کیا۔

شام موسیقی میں ڈپلومیٹس کے علاوہ کلاسیکل موسیقی میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر چیئرمین پیمرا سلیم بیگ،

 ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ایم ایوب جمالی، صدر کلاسیکل میوزیکل ہیریٹج ٹرسٹ افتخار رشید  نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، نوجوان موسیقاروں کے ٹیلنٹ کو سراہا اور کلاسیکل موسیقی کے مستقبل کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔