ماحولیاتی انصاف کیلئے عالمی اتحاد ناگزیر ہے، مصدق ملک

32

اسلام آباد، 6 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق مسعود ملک نے ماحولیاتی انصاف کے حصول کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ “دوسری پاکستان ایکسپو برائے ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن 2025” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کی جانب سے ان وسائل اور تربیت کی فراہمی کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔

 انہوں نے چین کی سبز معیشت کی طرف منتقلی اور شمسی توانائی کی برآمدات میں اس کی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھی اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ایک پائیدار اور ترقی یافتہ سبز معیشت کی بنیاد رکھنی چاہیے۔

مصدق ملک نے زور دیا کہ دنیا کے وہ ممالک جنہوں نے ماحولیاتی بحران میں سب سے کم حصہ ڈالا ہے، وہی اس کے سب سے زیادہ اثرات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے عالمی برادری کی جانب سے ان ممالک کے لیے ہمدردی اور عملی مدد لازمی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خطاب کرتے ہوئے مستقبل کی تیاری پر زور دیا تاکہ آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملک ہے اور پانی کی قلت کے حوالے سے بھی انتہائی سنگین صورتحال سے دوچار ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے موسمیاتی خطرات جیسے مون سون بارشیں، سردیوں کی دھند اور سموگ سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی اور حکمت عملی کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کردار کو سراہا جو خطرات کی پیشگوئی، بروقت وارننگ، اور متاثرہ علاقوں میں نقصانات کی روک تھام کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔